چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کو جتوانے کی پوری کوشش کی، عمران خان

368

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ ن کو ضمنی انتخابات میں کامیاب کرانے کے لیے پوری کوشش کی۔

پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عوامی خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔  سابق وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی سیاسی بحران کے خاتمے کا واحد راستہ صرف یہی ہے کہ صفاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جیسا الیکشن پنجاب میں کروایا ہے، اگر ایسا ہی آئندہ بھی ہوگا تو سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے بے مثال بددیانتی کی ہے۔ ہم 8 کیس لے کر الیکشن کمیشن میں گئے لیکن انہوں نے ہماری درخواستیں مسترد کردیں۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے تمام فیصلے ہماری مخالفت میں کیے جب کہ الیکشن کمشنر سندھ، صوبائی حکومت کا نوکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش کے تحت ہم پرامپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی اور اب قوم نے ثابت کردیا کہ ہم کسی کی غلامی کے لیے تیار نہیں، جب ہم متحد قوم بن جائیں گے تو ہمارے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد انہوں نے 1100 ارب روپے کے کیسز معاف کرا دیے ہیں، مگر میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں اس اقدام کے خلاف عدالت عظمیٰ جارہا ہوں۔