کراچی میں آج شب اور کل موسلادھار بارش کی توقع

342

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرچکا ہے جس سے طوفانی بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق ہوا کا کم دباؤ جنوب مشرق میں بحیرہ عرب میں موجود ہے،کراچی میں آج رات اور کل اس سسٹم کے تحت تیز بارش ہوسکتی ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کی صبح بارش سے موسم خوشگوار لیکن شہر کی بعض سڑکوں اور پلوں پر پانی جمع ہو گیا۔

علاوہ ازیں شہر میں دوپہر اور شام کے اوقات میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوتی رہی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد ہفتہ وار چھٹی کے روز موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے تفریحی مقامات پر نکل آئی۔

دوسری جانب لاڑکانہ، میرپورخاص اور گرد و نواح میں بھی صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد گرمی کی شدت کچھ حد تک کم ہوگئی۔حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں درخت گرنے سے 11 کلو واٹ کی تاریں ٹوٹ گئیں جس کے باعث کئی گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے سسٹم کی شدت اب بھی بر قرار ہے۔ سندھ کے مختلف مقامات پر اس سسٹم نے اچھی بارش برسائی ہے، سسٹم 18 جولائی تک سندھ پر اثر انداز رہے گا۔محکمہ موسمیات نے آج سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔