بلدیاتی انتخابات: حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب ہونگے

298
Karachi University

کراچی: شہر قائد اور حیدرآباد میں24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 2573انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا ،جس میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، سیکریٹری داخلہ سعید احمد ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری، سیکریٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدر شاہ، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنہ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو شریک ہوئے جب کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر مسنگ فیسلٹیز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 60ہزار ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کراچی اور حیدرآباد کے 16اضلاع میں 9848پولینگ اسٹیشنز میں سے 2573انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔

20180امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ 563 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ انتخابات میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ 59881پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے اور سیکورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ الیکشن کی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے تمام ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران ہتھیاروں کی نمائش پر دفعہ 144 لگائی جائے گی۔