یو ٹیوب نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کردی، دلچسپ فیچر تیار

877

کیلیفورنیا: یو ٹیوب نے اپنے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے ایک دلچسپ فیچر تیار کرلیا ہے، جسے بہت جلد ہی صارفین کے لیے اپ ڈیٹ کے ذریعے پیش کردیا جائے گا۔

ایپلی کیشن میں کی جانے والی نئی اپ ڈیٹ کے بعد یوٹیوب ایپ آئی او ایس میں پِکچر اِن پکچر موڈ پر چل سکے گی یعنی صارفین اپنے آئی فون پر دوسرا کام کرتے ہوئے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر ویڈیو بھی دیکھ سکیں گے۔ واضح رہے کہ ایپل کئی سال سے اپنے صارفین کو پِکچر اِن پِکچر موڈ کی سہولت فراہم کرتا آرہا ہے اور اس چیز کو کئی بڑی ویڈیو اسٹریمنگ ایپس نے بھی قبول کیا ہے۔ اس کے مطابق ویڈیو آئی فون یا آئی پیڈ کے کونے پر چلتی رہتی ہے جبکہ صارف اپنے دوسرے کام جاری رکھتا ہے۔

یوٹیوب نے اپنی ایپ میں یہ سہولت دینے میں کافی عرصہ لگایا۔ گزشتہ مہینوں میں یہ خبر گرم تھی کہ یہ فیچر آرہا ہے اور کچھ لوگ یہ فیچر کسی مخصوص شکل میں استعمال بھی کر رہے ہیں۔ لیکن کمپنی بالآخر یہ فیچر ان تمام آئی فون اور آئی پیڈ ڈیوائسز کے لیے متعارف کرا رہی ہے جن میں آئی او ایس 15 سافٹ ویئر اپ ڈیٹ چل رہا ہے۔