حکمرانوں نے آئندہ نسلوں کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیدیا، میاں محمد اسلم

345

اسلام آباد : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ  موجودہ و سابق حکمرانوں نے آئندہ نسلوں کو آئی ایم ایف اور استعماری قوتوں کی غلامی میں دے دیا ہے۔

بادیہ رسمت ، سری سرال اور ڈی بارہ کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل سودی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے اور قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ بیڈ گورننس اور کرپشن ملک کے تمام مسائل کی جڑ ہیں۔حقیقی تبدیلی اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک کی آئندہ نسلوں کو آئی ایم ایف اور استعماری طاقتوں کی غلامی میں دے دیا، جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے اقتدار میں ہوتے ہوئے ملک ترقی کر سکتا نہ عوام کو کوئی سہولت میسر آ سکتی ہے۔ اس موقع پر میاں محمد رمضان اور دیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

میاں محمد اسلم نے کہا ایک طرف نان شبینہ کے محتاج کروڑوں لوگ اور دوسری طرف دولت کے ڈھیر پر بیٹھی ظالم اشرافیہ ہے جنھوں نے 90فیصد وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ہم وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کریں گے اور ملک کے وسائل عوام پر خرچ کریں گے۔

قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسلامی فلاحی مملکت کی بنیاد رکھنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا ضمنی انتخاب عوام کے پاس سنہرا موقع ہے کہ آزمائے ہوؤں اور ملک کی تباہی کے ذمے دار سیاسی آوارہ گردوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں۔