کراچی سمیت ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

440

کراچی : عید الاضحیٰ آج کراچی سمیت ملک بھر میں مذہبی جوش وجذبے کے تحت منائی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق نماز عید الاضحیٰ کے اجتماعات بارش کے پیش نظر کئی مقامات پر مساجد میں ہوئے، تاہم بیشتر مقامات پر عید گاہوں، میدانوں اور پارکوں میں بھی نماز کے اجتماعات ہوئے، جس میں بچوں، جوانوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نماز کے بعد ملک کی ترقی خوشحالی، امن وسلامتی سمیت عالم اسلام اور مصائب سے نجات کی دعائیں مانگی گئیں۔ بعد ازاں شہریوں نے قربانی کے سلسلے میں اپنے جانوروں کو ذبح کرنے کا سلسلہ شروع کیا اور روایتی پکوانوں سے عزیز و اقارب کی دعوتوں کے ساتھ مستحقین میں تقسیم کرکے قربانی کے مقصد کو زندہ کیا۔

واضح رہے کہ این سی او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے دوران ماسک کا استعمال کریں۔ علاوہ ازیں معمول میں بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔

عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کا حصہ بھی بنتی ہے۔ جس کے ذریعے قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ فلاحی اداروں، مساجد، مدارس اور محلوں کی سطح پر اجتماعی قربانی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید کی تعطیلات میں شہری قبرستانوں کارخ بھی کرتے ہیں اور اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے ہیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانیوں کے بڑے انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت ملک بھر میں مستحقین میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔