عمران خان10سال سے کردار کشی مہم چلا رہے ہیں، احسن اقبال

245
عمران خان کی حکومت آخری ہچکولے لے رہی ہے،احسن اقبال

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان پچھلے 10 سال سے کردار کشی کی مہم چلا رہے ہیں وہ تاقیامت سڑکوں پر دھکے کھائیں گے لیکن اقتدار میں نہیں آ سکتے۔

 احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چند سال قبل ایک نوجوان نے میری جان لینے کی کوشش کی تھی جس کی گولی آج بھی میرے جسم میں موجود ہے۔ جب نفرت کا بیج بویا جائے تو اسے نکلنے میں کئی سال لگتے ہیں اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تدبیریں سوچتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشی مسائل کا سامنا ہے جنہیں ایک دو سال میں حل کیا جا سکتا ہے اور اگر معاشرے میں نفرت کے بیج بو دیئے جائیں تو وہ نکالے نہیں جا سکتے۔ چند افراد نے خواتین اور بچوں کو آگے کر کے ہلڑ بازی کی اور میں 3عشروں سے سیاست میں موجود ہوں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہر طبقے نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے، خواتین موجود ہونے کے باعث قانونی کارروائی کرنے سے گریز کیا اور اگر ہم نے ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی نہ کی تو خانہ جنگی ہو سکتی ہے۔ میرے ساتھ کوئی سیکیورٹی گارڈ یا حمایتی ہوتا تو صورتحال گھمبیر ہو سکتی تھی۔