بلاول جیسا انڈرٹریننگ وزیر خارجہ لگا دیا، فواد چودھری

134

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلاول جیسا انڈر ٹریننگ وزیر خارجہ لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بھارت کی خوشنودی میں مصروف ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ادارے سیاست میں ملوث نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی کے سربراہ اپنے ادارے پر ذرا غور کریں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کو مختلف عدالتوں میں پیش کیا گیا تو ہر جج یہی کہتا رہا ہے یہ میرا کیس نہیں۔ عمران ریاض جلد رہا ہوں گے۔ ایک ہی آدمی پر ایک ہی الزام پر 50،50 کیسز بنائے گئے ہیں۔

پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں ہمارے 5 ارکان کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ہماری ق لیگ کے ساتھ مل کر تعداد 173 بنتی ہے جب کہ ن اور پیپلز کے کل ارکان 172 بنتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حمزہ شہباز کی حکومت چند دن کی مہمان ہے۔ 22 تاریخ کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔