شہباز شریف کی مفت بجلی اسکیم 17 جولائی تک معطل

231
electoral fraud

اسلام آباد: پنجاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی اعلان کردہ 100 یونٹ استعمال کرنےو الے صارفین کے لیے مفت بجلی اسکیم کو 17 جولائی تک معطل کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجے گئے نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس میں حمزہ شہباز کے وکیل نے پیش ہوکر ضمنی انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے جواب جمع کرایا۔ وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جس پروگرام کا اعلان کیا، اس کا تعلق ضمنی انتخابات والے حلقوں سے نہیں۔پنجاب حکومت کے پروگرام کا اعلان بجٹ میں کردیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے رکن سندھ نے کہا کہ جب آپ الیکشن مہم کے اندر ایسے اعلانات کریں گے تو اسے اثر انداز ہونے کی کوشش ہی سمجھا جائے گا۔حمزہ شہباز کے وکیل نے بتایا کہ اگر ہم نے الیکشن پر اثر انداز ہونا ہوتا تو کبھی بھی پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھاتے، جس پر رکن الیکشن کمیشن نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھانا تو صوبائی حکومت کا اختیارہی نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن ہوگا۔ لہذا ضمنی انتخاب تک ترقیاتی پروگرام کا اعلان نہیں ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہلے سے زیادہ مدد حاصل ہے۔ پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن صاف شفاف ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنز نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات نتائج کا براہ راست صوبائی حکومت سے تعلق ہے۔ لہذا 17 جولائی ضمنی الیکشن کے بعد صوبائی حکومت روشن گھرانہ پروگرام بے شک شروع کردے۔