ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ سے 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید

162

پشاور: ڈی آئی خان میں نامعلوم مسلح افراد نے سرعام گولیاں مار کر ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہل کاروں کو شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق رتہ کلاچی سبزی منڈی موڑ پر نامعلوم افراد نے ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کی۔

دونوں اہل کاروں شوکت اور حبیب پر فائرنگ کرنے کے بعد نامعلوم مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس نے فائرنگ کے مقام کی ناکابندی کرکے ثبوتوں اور موقع پر موجود افراد کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہے۔