طلبہ کی تربیت کا نظام وقت کی ضرورت ہے، پروفیسر محمد ابراہیم

532

پشاور: امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا و نگران شعبہ تعلیم جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں طلبا و طالبات کی تربیت کے نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پروفیسر محمد ابراہیم نے کہاکہ نئی نسل کی تربیت کے لئے تعلیمی اداروں میں دعوتی یونٹس کے قیام اور طلبا و طالبات کی کردار سازی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ قوموں کی بقا اور مستقبل کا دارومدار انکے نظام ہائے تعلیم پر ہوتا ہے۔ اسی لئے تمام مہذب قومیں تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دیتی ہیں۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  قائد اعظم محمد علی جناح نے نصاب تعلیم کو تحریک پاکستان کے امنگوں سے ہم آہنگ بنانے کی بات کی لیکن پاکستان میں دوہرا نظام تعلیم چل رہا ہے۔ یکساں نظام تعلیم کا نفاذ ہماری اولین ترجیح ہے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ ہم نے ابتدا ہی سے ارباب اختیار کی توجہ اس جانب مبذول کرانا شروع کردی تھی مگر شعبہ تعلیم ہمارے سیاسی و عسکری حکمرانوں کی ترجیح اول بننے سے ہمیشہ محروم رہا۔ تعلیمی اصلاحات کے اعلانا ت تو کئے گئے مگر اب تک ملک بھر کے لئے یکساں نظام و نصاب تعلیم کے نفاذ کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

انھوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر یکساں نظم تعلیم کو اولین ترجیح میں رکھیں گے۔ نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن اساتذہ کی تربیت کرکے انھیں سہولیات فراہم کرتی ہے تاکہ وہ قوم کی آنے والی نسلوں کو نظریہ پاکستان اور اسلام کے اصولوں کے مطابق تعلیم دیں۔