ملک بھر میں سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

498

اسلام آباد: ملک بھر میں بڑھتی ہوئے بجلی بحران کے بعد سولر انرجی ٹاسک فورس نے ملک میں سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت سولر انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت ٹاسک فورس کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کے لیے شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کا آغاز پر بات چیت ہوئی۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں سولر انرجی کی پیداوار بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنےکا فیصلہ ہوا۔ بجلی پر سبسڈی والے علاقوں میں بھی سولر پلانٹس لگانےکا فیصلہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں توانائی کی بچت اور گرین انرجی کو فروغ دینے کے لیے پالیسی بنانے پر بھی غور کیا گیا۔سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ بنانےکی ہدایت کردی گئی ہے۔