حکومت نے عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے، سراج الحق

404
resist
siraj ul haq tarazoo convention

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت مہنگائی بانٹنے میں مصروف ہے، انہوں نے عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے۔

گرین ٹاؤن لاہور میں ترازو کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے سراج الحق نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر، مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام زمین پر گر پڑے۔ قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکمران اشرافیہ اب خود تھوڑی بہت قربانی دے اور اپنی مراعات کم کرے۔

ملک سے نوٹوں، لوٹوں اور بوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جس مہنگائی کا آغاز ہوا، اتحادی حکومت نے اسے عروج پر پہنچا دیا۔ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ پاکستان کا معاشی نظام اب اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ مزید جنگ کر کے آگے نہیں بڑھ سکتا۔

سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ اللہ تعالیٰ سے گزشتہ گناہوں کی توبہ کر کے سودی معیشت کی بجائے اسلامی معاشی نظام کی طرف آنا ہو گا۔ جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں پروگریسو، جمہوری، ترقی پسند اور اسلامی جماعت ہے۔ عوام ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے ضمنی اور آئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔ ملک میں اب جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاویدقصوری، امیر لاہور ذکراللہ مجاہداور ضمنی انتخاب کے حلقہ پی پی 167کے امیدوار خالد احمد بٹ بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک کے پولنگ سٹیشن ہی نہیں بلکہ جمہوریت بھی یرغمال ہے۔ ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر انتخابی اصلاحات کی جائیں جس پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہو، لیکن پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی حکومت میں آنے کے بعد بھی انتخابی اصلاحات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

جب تک ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں ہو گا، عوام کی مرضی کی حکومت وجود میں نہیں آئے گی تب تک بہترین جمہوری عمل کا تسلسل برقرار نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام رونے دھونے کے بجائے ضمنی اور عام انتخابات میں ترازو پر مہر لگا کر استعمار کے ایجنٹوں کو مسترد کرے اور اہل، صالح اور ایماندار قیادت کو آگے لائے۔