عمران خان کی وجہ سے آج آئی ایم ایف کو پاکستان پر اعتبار نہیں، مریم نواز

331

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے وعدہ خلافی کے باعث عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)پاکستان کی ناک کی لکیریں نکلوا رہا ہے۔ عمران خان کی وجہ سے آج آئی ایم ایف کو پاکستان پر اعتبار نہیں رہا۔

پی پی 167 کے علاقے گرین ٹاون میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ہمیں مشکلات کا احساس ہے، عوام کو جب بھی تکلیف ہو گی عوام عوام کے درمیان ہوں گے، پریڈ گراونڈ میں فتنہ خان جلسہ کر رہا ہے، پورے پاکستان میں اتنے لوگ اکٹھے نہیں ہوئے جتنے گرین ٹاون میں اکٹھے ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ  مہنگائی کا سلسلہ گزشتہ چار سال سے جاری ہے، حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے۔ عوام کو مسائل سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، مخالفین نے سوچا مریم نواز اب عوام میں نہیں نکلے گی، عوام کو جب تکلیف ہو گی میں میدان میں ہونگی۔  نواز شریف نے کہا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دل پر پتھر پر رکھ بڑھائیں۔ اب  نواز شریف، شہباز شریف ہی آپ کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں کمی ہوئی تو ہم پٹرول کی قیمت کم کریں گے،  آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف کو واضح کیا  ہے کہ عمران خان کی وجہ سے اب انہیں پاکستان پر اعتبار نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 2018 میں عوامی مینڈیٹ چرا کر اقتدار پر مسلط ہوا اور اس نے خزانے کو خالی کردیا۔

بات توشہ خانے کی نہیں بلکہ عادت کی ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان کا خزانہ خالی ہے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان جگہ جگہ جاکر اپنی حکومت کے خاتمے کا رونا روتا ہے، کیا عوام نے اسے پاکستان ٹھیکے پر دیا ہوا تھا جو لوٹ کھسوٹ کرنے دیتے۔