میئر نے رنگا رنگ تقریب میں مادہ مگرمچھ سے شادی کرلی

597

میکسیکو کے ایک قصبے کے میئر نے رنگا رنگ تقریب میں مادہ مگرمچھ سے شادی کرلی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کے قصبے  سین پیڈرو ہومیلولو کے میئر وِکٹر ہوگو سوسا نے ایک پرانی رسم کے تحت مادہ مگر مچھ سے علامتی شادی کی ہے۔

وِکٹر ہوگو کی مگر مچھ سے شادی کا مقصد رتبے، دولت اور عزت میں اضافہ کرنا ہے تاہم اس شادی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فوٹو: رائٹرز

دراصل یہ ایک ہسپانوی رسم ہے جو کہ سیکڑوں برس پرانی ہے، لوگ ایسی شادیاں اس لیے کرتے ہیں تاکہ قدرت سے انہیں نعمتیں حاصل ہوں، یہ شادیاں پہلے سے شادی شدہ افراد بھی کرسکتے ہیں کیونکہ اس کا مقصد صرف دولت و عزت کا حصول ہوتا ہے۔

ہسپانوی تہذیب میں سینکڑوں برس سے یہ شادیاں رائج ہیں کیونکہ اس کا مقصد فطرت سے نعمت حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح کی شادی سے اصل شادی پر کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اس کا مقصد دولت اور عزت میں اضافہ کرنا ہوتا ہے۔

فوٹو: رائٹرز

میئر نے بتایا کہ ’ اس (علامتی شادی کے بعد) ہم قدرت سے بارشوں، زیادہ فصلوں اور دریاؤں میں مچھلیوں کی بہتات طلب کرتے ہیں‘۔

اس گاؤں کا نام اوکساکا ہے جس کی اکثریت ماہی گیروں پر مشتمل ہے۔ یہاں کے لوگ قدیم زبان، ثقافت اور رسوم پر سختی سے کاربند رہتے ہیں۔  سات سالہ دلہن مگرمچھ کو ’ننھی شہزادی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ مگرمچھ اس ثقافت میں دیوتا سمجھے جاتے ہیں اور لوگوں کا خیال ہے کہ ان سے جڑنے سے وہ بھی فطرت سے منسلک ہوجاتے ہیں۔

جب مادہ مگرمچھ کو ڈھول تاشوں کے شور میں سجا کر لایا گیا تو سڑک کے دونوں اطراف مردوں نے اپنا ہیٹ اتار کر استقبال کیا۔ دیہات بھر میں جشن منایا گیا ہے اور لوگ بہت مسرور ہیں۔

فوٹو: رائٹرز