ادارے چوروں سے ملک بچا لیں، کہیں گیم ہاتھ سے نہ نکل جائے، عمران خان

374

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام اداروں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ملک کو ان چوروں سے بچالو کہیں گیم ہاتھ سے نکل نہ جائے۔

اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  قوم کسی صورت ان ڈاکوؤں کو قبول نہیں کرے گی۔ میں اپنے ملک کے اداروں کے خلاف جنگ کرنے نہیں نکلا بلکہ امپورٹڈ حکومت کے خلاف نکلا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی منتخب حکومت کو ہٹا کر ملک کے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا ہے۔ امریکی سازش اور یہاں کے میر جعفروں نے مل کر منتخب حکومت کو ہٹایا۔ آج ملک بھر کے عوام نکلے ہیں اور سب کا ایک ہی نعرہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔ آج عوام اداروں کو پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کو ان چوروں سے بچالو ایسا نہ ہو کہ سب کے ہاتھ سے گیم نکل جائے پھر چاہو گے بھی تو نہ روک سکو گے۔

انہوں نے کہاکہ 26 مئی کی صبح میں نے دھرنا نہ دینے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اس دن شام کو انتشار ہونا تھا۔ پولیس اور رینجرز کے سامنے میری قوم نے کھڑا ہونا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنا نہ دینے کا فیصلہ اس لیے نہیں کیونکہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ ہمیں طاقت ور فوج کی ضرورت ہے، پولیس نے جو ظلم کیا وہ ساری پولیس ایسی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر 25 مئی کو ظلم نہ کرتے، پولیس آنسو گیس کا استعمال نہ کرتی، راستے نہ روکتی تو اسی طرح عوام کا سمندر اسلام آباد آنا تھا اور ایک ہی نعرہ لگانا تھا امپورٹڈ حکومت نامنظور۔

عمران خان نے کہا کہ آج ساری قوم دیکھ لے صرف یہاں نہیں بلکہ پشاور، لاہور میں 4 جگہ، کراچی اور ملتان میں لوگ جمع ہوئے ہیں اور پاکستان میں ہماری قوم نکلی ہوئی ہے، چاہو گے بھی تو روک نہیں سکو گے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ پھر این آر او ٹو لے رہے ہیں، آصف زرداری بھی ملک سے باہر رہا  ان کے اثاثے باہر ہیں جب روپے کی قدر گرتی ہے تو ان کی دولت میں اضافہ ہوتا ہے اور ملک نیچے جاتا ہے تو ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔