ایف بی آر نے اِنکم ٹیکس ریٹرنز فارمز اپ لوڈ کردیے

271
fbr issued income tax returns forms

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے ٹیکس سال 2022 کے لئے اِنکم ٹیکس ریٹرن فارمز اپ لوڈ کردئیے ہیں۔

تنخواہ دار طبقے، ایسوسی ایشن آف پرسنز (اے او پیز)، کاروباری حضرات، اور کمپنیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ اِنکم ٹیکس ریٹرن فارمز اپ لوڈ کئے گئے ہیں۔ اِنکم ٹیکس ریٹرن ایف بی آر کے ویب پورٹل (آئرس سسٹم) اور ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے فائل کیے جاسکتے ہیں۔

جمعہ کے روز جاری ہونے والے ایک پریس بیان میں ایف بی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ٹیکس صارفین کے لئے فائلنگ کا عمل آسان بناتے ہوئے اس فارم میں تمام لازمی کوائف کے متعلق ہدایات درج کی گئی ہیں۔ اِنکم ٹیکس ریٹرن، اپنے سمارٹ فون پر گوگل پلے سٹور/ ایپ سٹور سے ٹیکس آسان ایپ انسٹال کرکے آن لائن بھی فائل کیے جاسکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس صارفین کی سہولت اور عوامی سطح پر آگاہی میں اضافے کے لئے ایک میڈیا مہم بھی چلائی جائے گی۔ تنخواہ دار/کاروباری حضرات اور ایسوسی ایشن آف پرسنز (اے او پیز) اپنے اِنکم ٹیکس ریٹرن 30 ستمبر، 2022 تک فائل کرسکتے ہیں جبکہ کمپنیاں اِنکم ٹیکس ریٹرن اپنے لئے مقررہ کردہ تاریخوں پہ فائل کرسکیں گی۔