کراچی میں نیگلیریا کے مزید 2 کیس  سامنے آگئے

284
cases of Nigleria

کراچی: محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں نیگلیریا کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر جمن بہوتو نے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں رواں برس نیگلیریا کے 4کیسز رپورٹ ہوئے۔طبی ماہرین کے مطابق نیگلیریا اگر کسی شخص کو متاثر کرے تو یہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیتا اور انسان ایک ہفتے کے اندر انتقال کرجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق نیگلیریا کا جرثومہ میٹھے صاف پانی میں گرم موسم میں پرورش پاتا ہے، نیگلیریا کا جرثومہ سوئمنگ پولز، جھیلوں اور انڈر گرانڈ پانی کے ٹینکوں سمیت ذخیرہ کئے ہوئے ایسے پانیوں میں ہوسکتا ہے، جس میں کلورین کی مطلوبہ مقدار موجود نہ ہو، اگر اس پانی سے نہایا جائے تو یہ ناک کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے اور دماغ تک پہنچ کر اسے کھانا شروع کردیتا ہے اور 4 سے 5 دن میں دماغ آہستہ آہستہ ختم ہوجاتا ہے، جس کے بعد مریض کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

مرض کی علامات میں سونگھنے کی صلاحیت میں تبدیلی آنا، گردن توڑ بخار ہونا، گردن میں اکڑ محسوس ہونا، چڑچڑا پن اور الٹیاں ہونا شامل ہے، اس لئے اگر کسی کو ان میں سے ایک بھی علام محسوس ہو تو فوری طور پر قریبی اسپتال اور مستند معالج سے رجوع کرنا چاہئے۔