امریکا داعش کے جنگجوؤں کو بھرتی کر رہا ہے، روسی میڈیا کا الزام 

555
recruiting ISIS

ماسکو: روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ، جنگ زدہ ملک یوکرین بھیجنے کے لیے داعش کے جنگجوؤں کو بھرتی کر رہا ہے۔

ایک روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے، دہشت گرد گروہ داعش کو یوکرین بھیجنے کے لیے بھرتی کر رہی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسپوتنک خبر رساں ایجنسی نے گزشتہ روز ایک ذریعے کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) داعش کے عناصر کو یوکرین بھیجنے کے لیے بھرتی کر رہی ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک خفیہ ذریعے نے اسپوتنک نیوز کو بتایا کہ سی آئی اے شام کے شمال مشرقی علاقے میں شامی کردوں کے زیر کنٹرول جیلوں اور کیمپوں میں داعش کے قیدیوں کو فعال طور پر بھرتی کر رہی ہے۔اس ذریعے نے جس کا نام بتایا نہیں گیا ہے، کہا کہ امریکی مزید تحقیقات کے بہانے دہشت گردوں کو اپنے ٹھکانوں اور تنصیبات میں منتقل کر رہے ہیں اور ممکن ہے کہ انہیں یورپ منتقل کر دیا جائے۔ذریعے کے مطابق کردوں نے اب تک داعش کے کئی سرغنوں اور تقریباً 90 عناصر کو بھرتی کیا ہے جن میں سے زیادہ تر یورپ اور عراق کے شہری ہیں جبکہ کچھ تارکین وطن ہیں جو چیچنیا اور چین کے سنکیانگ کے باشندے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو امریکا کے حوالے کر دیا گیا ہے اور انہیں جنوبی شام میں تنف کے امریکی اڈے کے اندر تعینات کیا جانا ہے۔یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب اس سال کے شروع میں روس کی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس نے شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ داعش کے ایک گروپ کو یوکرین منتقل کرنے کے لیے ٹریننگ دے رہا ہے۔