جوہری ہتھیاروں کی موٹر وے کے ذریعے منتقلی کا انکشاف

1210
ریڈی ایشن پھیلنے کے خوف سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

لندن: برطانیہ میں جوہری ہتھیاروں کی موٹروے کے ذریعے منتقلی سے سوالات اور تشویش کی نئی لہر پیدا ہوگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرکوں کے قافلے کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو ٹرکوں کے ذریعے اسکاٹ لینڈ منتقل کیا جا رہا تھا۔ فوجی کانوائے جب لنکا شائر اور کمبریا کے درمیان موٹروے سے گزر رہا تھا تو اس وقت اس کی تصاویر لی گئیں جس کے باعث برطانیہ بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

قافلے نے اسکاٹ لینڈ جانے کے لیے کرخم، پریسٹن، گار سٹینڈ، لینکسٹر، کینڈل، پینرتھ اور کیرلیسل کے درمیان سے گزرا۔ کیمپین آف نیوکلیئر ڈس آرمامنٹ (سی این ڈی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان ٹرکوں پر ایٹمی ہتھیار لدے ہوئے تھے۔ بیلسٹک میزائلوں کے ٹریکرزکا ڈیٹا بھی یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کو دوسری جگہ پر منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 50 برس سے برطانیہ میں جوہری ہتھیاروں کو بذریعہ سڑک منتقل کیا جا رہا ہے لیکن ابھی تک ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس سے ریڈی ایشن پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو۔

سی این ڈی کے ترجمان فلپ گلیگان کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی خطرناک فوجی کانوائے جن پر ایٹمی ہتھیار لدے ہوتے ہیں ہمارے گھروں، اسکولوں اور اسپتالوں کے قریب سے گزرتے ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔