ایم کیو ایم پاکستان کی فاروق ستار کو پارٹی میں واپسی کی دعوت، بڑی پیشرفت متوقع

316
دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات کا امکان ہے۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے ایم کیو ایم بحالی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی میں واپس شامل ہونے کی دعوت دے دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات خصوصا قومی اسمبلی کے حلقہ 245 کی عامر لیاقت کے انتقال کے بعد خالی نشست پر الیکشن کے سلسلے میں سیاسی گہما گہمی زور و شور سے جاری ہے، اس دوران سینئر سیاست دان ڈاکٹر فاروق ستار اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان رابطوں میں بھی پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق عنقریب ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی فاروق ستار کی رہائش گاہ آمد بھی متوقع ہے جب کہ ممکنہ طور پر آج ہی دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت یا ملاقات کا قوی امکان ہے۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار کو پارتی میں واپسی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے انتخابی نشان پتنگ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں شامل ہوں جب کہ فاروق ستار کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے کہ وہ پارٹی میں واپس آئے تو  این اے 245 کی نشست سے دست بردار ہو جائیں گے۔