فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی مظالم جاری، درجن بھر فلسطینی زخمی

295

غزہ:فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں موجود ایک عبادت گاہ میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے بعد رات بھر  ہونے والی جھڑپوں میں تین اسرائیلی اور درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی ہلال احمر نے بتایا ہے کہ 64 زخمی فلسطینیوں کی مرہم پٹی کی گئی ہے جن میں سے زیادہ تر آنسو گیس کے متاثرین تھے۔

اسرائیلی فوج نے نابلس شہر میں حضرت یوسف علیہ السلام کے مقبرے کے باہر سینکڑوں زائرین  کو داخلی راستے پر روک لیا۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہاں ایک تقریب کے دوران فلسطینی بندوق برداروں کی طرف سے زائرین پرفائرنگ کی گئی جس کے باعث دو زائرین اور اسرائیلی فوج کی شمرون بریگیڈ کا ایک کمانڈر زخمی ہوا۔

مغربی کنارے میں یہ اس وجہ سے بھی تشدد کا علاقہ بنا ہوا ہے کہ مسلمانوں کے حوالے سے بھی اس جگہ کی تعظیم کی جاتی ہے۔

مئی میں ایک 16 سالہ فلسطینی کو اسرائیلی فوجیوں نے مقبرے کے قریب جھڑپ کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔