سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن بڑھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

804

حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ تنخواہوں میں 15 فی صد اضافہ ایڈہاک الاؤنس کی مد میں کیا گیا ہے ۔

میڈیا ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں حالیہ اضافہ 2017ء کی رننگ بیسک پر کیا گیا ہے  جب کہ ملازمین کو 2016ء سے 2021ء تک ملنے والے دس دس فیصد کے پانچ ایڈہاک الاؤنسز و ریلیف بھی تنخواہ میں شامل کرکے یکم جولائی 2022ء کی سطح پر منجمد کردیے گئے ہیں۔

ملازمین کی تنخواہوں میں کیے جانے والے اضافے پر انکم ٹیکس بھی لاگو ہوگا جب کہ 30 جون 2022ء سے بھرتی ہونے والے ملازمین کی بنیادی تنخواہ نئے پے اسکیلز کے مطابق متعین ہوگی۔ علاوہ ازیں اسپیشل الاؤنسز، ہاؤس رینٹ اور دیگر الاؤنسز کو 30 جون 2022ء کی سطح پر منجمد کردیا گیا ہے۔