وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب؛ پی ٹی آئی کی اپیل پر سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ تشکیل

309

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی اپیل پر 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اور امتیاز صدیقی کی جانب سے سپریم  کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں دائر اپیل کو منظور کرنے کی استدعا  کی ہے۔ اپیل میں کہا گیا ہےکہ درخواست کے فیصلے تک وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے۔

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی اپیل پر تین رکنی بینچ تشکیل دیا ہے جس کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے۔ تین رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی شامل ہیں جب کہ عدالت اپیل پر سماعت دن ڈیڑھ بجے کرے گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ  روز وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے منحرف ارکان کے ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔