چین پاکستان تعاون سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اہم ہے، شہباز شریف

266
فلاحی منصوبوں کو تعطل میں ڈالنا قومی مفادات کے منافی اقدام تھا، شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہیں۔

شہباز شریف سے سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی، چینی وفد کی قیادت نورینکو انٹرنیشنل کے نائب صدر مسٹر وانگ شیا بنگ اور سی ای او نورینکو انٹرنیشنل (پاکستان)مسٹر لی چن نے کی۔

وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا، شہباز شریف  نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ  اورنج لائن ٹرین لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی یہ پہلی بار تھا کہ جی ٹو جی پروجیکٹ یعنی لاہور اورنج لائن میں کھلی بولی لگائی گئی،سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کے ساتھ مزید مذاکرات سے 600ملین ڈالر کی بچت ہوئی۔

وفد نے پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔

چینی وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی کاروباری دوست پالیسیوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط کیا اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنایا،نورینکو کے وفد نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے وسیع میدان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔