یاسمین راشد ، جمشید چیمہ سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں منظور

304

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف اقدام قتل اور دیگر دفعات پر مقدمے میں عبوری ضمانتیں لاہور کی سیشن عدالت میں منظور کرلی گئیں-

تھانہ اسلام پورہ میں پی ٹی آئی کے 10 رہنماؤں کے درج  مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج صائمہ ریاست نے کی، جہاں پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔ برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔

وکیل کے مطابق اسلام پورہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا اور جھوٹے گواہ و جعلی برآمدگیاں ڈالنے کی کوشش کی جبکہ ایف آئی آر کے متن اور تفتیش میں سے ایک بھی ناقابل ضمانت دفعہ ثابت نہیں ہوتی۔عدالت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں کنفرم کرے۔

دوران سماعت استغاثہ اور پولیس نے عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کی استدعا  کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلام اقبال،  ڈاکٹر یاسمین راشد ، محمود الرشید،یاسر گیلانی، شیخ امتیاز، اکرم عثمان ، عندلیب عباس، جمشید چیمہ، حماد اظہر اور اعجاز چودھری کی عبوری ضمانتیںمنظور کرلیں۔