حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا

509

اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر غیر معمولی اضافہ کردیا- مہنگائی کے ہاتھوں پہلے سے ستائے عوام پر حکومت نے مزید بوجھ ڈال دیا، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی لہر آنے کا امکان ہے-

حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 14.85 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 248 روپے 74 پیسے ہو گئی ہے جب کہ ڈیزل پر 13 روپے 23 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہوگئی-

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 226 روپے 15پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 230روپے 26 پیسے ہوگئی ہے۔

پٹرول پر لیوی 10 روپے فی لیٹر عائد کی گئی ہے جبکہ ڈیزل،  مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے پٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا-

قبل ازیں اوگرا کی جانب سے حکومت کو سمری بھیجی گئی تھی جس میں پٹرول کی 4.80 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 8.60 روپے فی لیٹر قیمت بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی، تاہم حکومت نے بھیجی گئی سمری سے زیادہ قیمتیں بڑھانے کا اعلان کردیا-