اسلامک یونیورسٹی: قبلہ ایاز کی بطور رکن بورڈ آف گورنرز بحالی کا حکم

373

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی بطور رکن بورڈ آف گورنرز برطرفی کا حکم معطل کرکے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دے دیا-

جسٹس سردار اعجاز اسحق خان نے مقدمے کی سماعت کی، جس میں ڈاکٹر قبلہ ایاز کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی پیش ہوئے اور عدالت کوبتایا کہ قانون میں بورڈ آف گورنرز کی برطرفی کا اختیار صرف صدر مملکت کو ہے۔ دو سالہ مدت منصبی کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔

بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے عدالت کو دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ بورڈ آف گورنرز کا کام ہی انتظامیہ کا احتساب کرنا ہے۔ انتظامیہ رکن بورڈ آف گورنرز کو معطل کیسے کر سکتی ہے؟۔ عدالت نے اسلامی یونیورسٹی کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر قبلہ ایاز کی درخواست پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر قبلہ ایاز اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن تھے، جنہیں یونیورسٹی انتظامیہ نے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔