قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

437

اور جو نیک عمل کرے گا، خواہ مرد ہو یا عورت، بشر طیکہ ہو وہ مومن، تو ایسے ہی لوگ جنت میں داخل ہوں گے اور اْن کی ذرہ برابر حق تلفی نہ ہونے پائے گی۔ اْس شخص سے بہتر اور کس کا طریق زندگی ہوسکتا ہے جس نے اللہ کے آگے سر تسلیم خم کر دیا اور اپنا رویہ نیک رکھا اور یکسو ہو کر ابراہیمؑ کے طریقے کی پیروی کی، اْس ابراہیمؑ کے طریقے کی جسے اللہ نے اپنا دوست بنا لیا تھا۔ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اللہ کا ہے اور اللہ ہر چیز پر محیط ہے۔ (سورۃ النساء:124تا126)

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ؐ نے فرمایا یہ پہاڑ (احد) ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں۔ پھر جب آپؐ مدینہ آگئے تو فرمایا: اے اللہ میں ان دونوں پہاڑوں کے درمیانی حصہ کو حرم قرار دیتا ہوں جس طرح ابراہیم علیہ السلام نے مکہ کو حر م قرار دیا تھا (اور آپؐ نے دعا فرمائی) اے اللہ مدینہ والوں کے لیے اِن کے ناپ تول میں برکت عطا فرمائیے۔ (مسلم)