کراچی میں طوفانی بارش کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خطرہ

342

کراچی: محکمہ موسمیات نے دو سے پانچ جولائی تک کراچی میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کردیا۔ کراچی میں ابرِ رحمت برسنے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم کل سے ملک میں داخل ہوگا،

بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نم ہوائیں مشرقی سندھ میں 2 جولائی سے داخل ہونے کا امکان ہے۔جس کے باعث کراچی میں 2 جولائی کی رات سے تیز بارش متوقع ہے ، بارش سے قبل گردآلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش سے کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون کا سسٹم 5جولائی تک سندھ میں موجود رہے گا تاہم کراچی میں مون سون کے سسٹم کا دورانیہ 3 سے 4 روز کا ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے 3 سے 5 جولائی تک سمندر میں طغیانی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 سے 5 جولائی کے دوران ماہی گیرسمندر میں جانےسےگریز کریں۔شہر کا موسم آج گرم و مرطوب اور مطلع صاف رہےگا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم بدھ کو شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔