برطانوی سکھ فوجیوں کے وفد کا دورہ جی ایچ کیو، آرمی چیف سے ملاقات

285

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے اور ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے- کرتار پور راہداری پاکستان کی مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے لیے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی فوج کے نائب کمانڈر فیلڈ میجر جنرل سیلیا جے ہاروی کی سربراہی میں12رکنی برطانوی سکھ فوجیوں کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے اور ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ کرتار پور راہداری پاکستان کی مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے لیے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے لاہور کا دورہ کیا اور واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب دیکھی۔ وفد نے قلعہ لاہور، علامہ اقبال کے مزار اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا۔

اپنے قیام کے دوران برطانوی سکھ فوجیوں نے پاکستان میں کئی مذہبی مقامات کا دورہ کیا، جن میں دربار حضرت میاں میر، حویلی نونہال سنگھ، گوردوارہ جنم استھان گرو رام داس، سمادی رنجیت سنگھ، گودوارہ ڈیرہ صاحب، کرتار پور کوریڈور، ننکانہ صاحب اور ڈیرہ پنجہ صاحب شامل ہیں-

آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے ضلع اورکزئی کا بھی دورہ کیا اور سمانہ قلعہ، لاک ہارٹ فورٹ اور سارہ گڑھی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی ۔ یہ وہ جگہ تھی جہاں 1897میں برطانوی مہم کے ایک حصے کے طور پر 21سکھ سپاہیوں نے اپنی جانیں دی تھیں ، سکھوں کے لیے اس کی تاریخی اہمیت ہے۔

وفد نے سارہ گڑھی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفد نے قبائلی اضلاع میں امن اور حالات معمول پر لانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا-