پاکستان جونیئر لیگ اکتوبر میں کھیلا جائے گا،رمیز راجہ

342

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے جونیئر لیگ(پی اجے ایل ) کرانے کا اعلان کردیا ،پی جے ایل کا پہلا ایڈیشن رواں سال اکتوبرمیں کھیلا جائے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر لیگ کے لیے 30تجارتی وکاروباری اداروں نے تعاون کا یقین دلایا ہے، لیگ میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی مینٹور ہونگے،اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میاں داد لیگ کی نگرانی کریں گے۔

رمیز راجا نے کہا کہ چاروں نامور کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں کپتانی کا تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر چھ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں، تین ٹیموں کے مقررہ تینوں مینٹورز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا بھر کی انٹرنیشنل لیگز میں کھیلنے کاوسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن کی پی جے ایل کی ٹیموں کے ڈریسنگ رومز میں موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سابق کپتان جاوید میانداد لیگ کے مینٹور کی حیثیت سے تمام ٹیموں کے مینٹورز کی سرپرستی کریں گے جبکہ چاروں کرکٹرزلیگ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کی مینٹورنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پی جے ایل کے ایمبیسڈرز بھی ہوں گے، جو اپنے تجربے اور علم کی بدولت دنیائے کرکٹ میں لیگ کی پذیرائی کا سبب بنیں گے۔رمیز راجا نے کہا کہ چیرمین شپ کے آغاز میں ہی برا موقع آیا کہ دو بڑی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا لیکن آئی سی سی کی میٹنگ میں معاملہ اٹھایا تو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی ملی اور انگلینڈ، نیوزی لینڈ دوبارہ دورے کی حامی بھی بھری۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس سال پی ایس ایل میں سب سے زیادہ کامیاب رہا، ہر فرنچائز کو 81 کروڑ روپے کا منافع ملے گا، پاکستان سپر لیگ کو چھوٹے شہروں میں بھی لے جانا چاہتے ہیں تاکہ شائقینِ کرکٹ لطف اندوز ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی پنشن میں اضافہ ایک کاوش ہے، 250 سابق کرکٹرز کو پی سی بی میں نوکریاں دی ہیں،کرکٹ فانڈیشن آئندہ تین ماہ میں اپنا کام شروع کر دے گی۔ جس کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کیے ہیں، مزید مالی تعاون بھی ملے گا۔