پاکستان نے رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 13 ارب ڈالرز سے زائد قرضہ لیا

395

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال کے 11 مہینوں میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالرز سے زائد کا قرضہ لیا- اقتصادی امور کی وزارت کی غیر ملکی قرضوں سے متعلق جاری تازہ رپورٹ کے مطابق اس قرض میں سعودی عرب سے ملنے والے 3 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 ماہ میں 14 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرضہ لینے کا تخمینہ تھا، جس میں سے 13 ارب 53 کروڑ سے زائد کا قرضہ وصول کیا گیا جس میں سعودی عرب سے سیف ڈیپازٹ کی مد میں حاصل کیے گئے 2 ارب ڈالرز بھی شامل ہیں۔ مئی میں پاکستان نے 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا تاہم رواں مالی سال کے ماہ مئی میں کمرشل بینکوں سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔

تازہ رپورٹ کے مطابق بیرونی قرضوں میں 4 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد کے کثیر الجہتی قرضے لیے گئے جس میں غیر ملکی کمرشل بینکوں سے لیا گیا 2 ارب 62 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرض بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کی جانب سے 11 ماہ میں 59 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے زائد کے دو طرفہ قرضے لیے گئے جب کہ بانڈز کے اجرا سے 2 ارب ڈالرز سے زائد کا قرضہ حاصل کیا گیا۔