سندھ: ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

488

کراچی: شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب اور بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر الیکشن کمیشن نے فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن ذرائع نے بتایاکہ کوشش ہوگی کہ قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں مذکورہ حلقے کے ہر حساس پولنگ اسٹیشن پر فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے جب کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائیگا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کی نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔