چوری کرنے والوں کو ہمارے اوپر مسلط کردیا گیا، عمران خان

205

اسلام آباد : تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ابھی ٹینکوں کے آگے لیٹنے کی ضرورت نہیں ہے،30برس سے چوری کرنے والوں کو ہمارے اوپر مسلط کردیا گیا۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ  جس نے مسلط کیا وہ انہیں ہمارے حق میں اچھے فیصلے کرنے کیلئے نہیںبلکہ ہمیں اپنی غلامی کیلئے لے کر آئے ہیں،موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے پیر پڑے ہوئے ہیں اور ان کی ایما پر مہنگائی کے لیے حامی بھر چکے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)اور قومی احتساب بیورو (نیب)کو ماتحت کرنے کے بعد نیب ترامیم کر کے 1100ارب روپے ختم کردیے، موجودہ حکومت نے اقتدار پر اپنے پنجے گاڑھنے کے ساتھ ہی کرپشن کے کیسز اور نیب ختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ ملک میں تاریخی مہنگائی ہے، ہر طرف اشیا کی قیمتیں غیرمعمولی بڑھ گئی ہیں اور معیشت زمین بوس ہے اور ابھی اور مہنگائی ہوگی۔سابق وزیر اعظم نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ تھی کہ ہماری حکومت کو گرا کر آزمودہ چوروں کو بٹھایا اور آج لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان قرضوں کی قسطیں واپس نہیں کر پائے گا اور ڈیفالٹ ہوجائے گا۔