وزیراعلی پنجاب کا انسداد ڈینگی سے متعلق درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار

181

لاہور: وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے انسداد ڈینگی سے متعلق درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاونٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیاہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں کورونا اورڈینگی سے بچا کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کورونا، ڈینگی اورکانگو وائرس کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وبائی امراض کے ماہرین نے اپنی تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹریز، متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ ملتان، اور شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ دوران اجلاس وزیراعلی حمزہ شہباز نے ڈینگی کے مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت کردی اور نے چیف سیکرٹری سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات اور فراہم کردہ ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیئے، اضلاع کی کارکردگی رپورٹ 3 روز میں پیش کی جائے، فیلڈ وزٹ اور روزانہ میٹنگ کر کے انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ ڈینگی کنٹرو ل کیلئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کی ستائش کی جائے گی، خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی، ڈینگی کنٹرول کیلئے وارڈز اور یونین کونسل کی سطح پر عوامی نمائندوں سے معاونت لی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا، ڈینگی اور کانگو جیسے امراض چیلنج ہیں، مربوط انداز میں کام کرکے دکھانا ہوگا، عوام کو کورونا، ڈینگی اوردیگر امراض سے بچانے کا چیلنج ضرور پورا کریں گے۔