بیرونی طاقتوں کی مداخلت علاقائی سلامتی کیلئے خطرناک ہے، ایرانی کمانڈر

297

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری دستے کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ ملک کی طویل ترین سمندری حدود اور اسٹریٹجک جزیروں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور دشمن کو پر مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی آر جی سی نیول فورس کےکمانڈر ریئر ایڈمرل کا کہنا تھا کہ اس وقت جنوبی خلیج فارس کےپانیوں میں بیرونی طاقتوں کی نقل و حرکت میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ایرانی سمندری حدود میں سرے سے بیرونی طاقتوں کے جہاز موجود نہیں ہیں۔

ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا کہ دشمن ہمارےہمسایہ ملکوں کی سمندری حدود میں موجود ہیں اور خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت وحمایت علاقائی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی ایما پر یونان کے ذریعے ایرانی تیل بردار بحری جہاز روکے جانے کے بعد ، ہم نے بھی دو یونانی بحری جہازوں کو اپنے کنٹرول میں لیا تھا، شدید موسمی حالات کے باوجود ہمارے جوانوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشن انجام دیا اور دو یونانی تیل بردار بحری جہازوں پر کنٹرول حاصل کر کے اپنی بندرگاہوں پر لے آئے حالانکہ دونوں جہاز ایک جغرافیائی حدود میں بھی نہیں تھے۔

ایڈمرل تنگسیری نے کہا کہ بیک وقت انجام پانےوالی ان دونوں کارروائیوں  کے دوران ایک جہاز کو بوشہر اور دوسرے کو ہرمزگان کی سمندری حدود میں روکا گیا۔

واضح رہے کہ یونان نے مئی کے مہینے میں ایرانی پرچم تلے سفر کرنے والے ایک تیل بردار بحری جہاز کو، امریکہ کے کہنے پر روک لیاتھا۔