ادارے نیوٹرل رہے تو عمران خان جیت نہیں سکتے، بلاول زرداری

407
عمران خان نےریاست مدینہ کا نام استعمال کرکے ملک  تباہ کیا، بلاول

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زر داری نے کہا ہے کہ عمران خان اور مخالفین جانتے ہیں کہ ادارے نیوٹرل رہیں گے تو وہ جیت نہیں سکتے،عمران خان تحریک چلا رہے ہیں کہ ہمارے ادارے نیوٹرل نہ رہیں۔

بلاول زرداری نے کہاکہ ضیاالحق ہو یا جنرل (ر) پرویز مشرف ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، آمریت سے ملک کو نجات دلائی ہے، مناسب تو یہ ہوتا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سندھ میں بات کی جاتی مگر کیونکہ میری پارٹی کے خلاف بات کی گئی ہے تو میں اس پر کچھ بات کرنا چاہوں گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ عمران خان جانتے ہیں کہ اگر ادارے نیوٹرل رہیں گے تو ان کی جماعت اور ان کے جیسی دیگر جماعتیں الیکشن میں جیت نہیں سکتیں، اس لیے وہ تحریک چلا رہے ہیں کہ ہمارے ادارے نیوٹرل نہ رہیں بلکہ متنازع کردار ادا کریں اور ان کی جماعت کی ٹائیگر فورس بن کر کام کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کی طرح سندھ میں بھی کچھ ایسی جماعتیں، ایسے سیاستدان اور کچھ ایسی کٹھ پتلیاں ہیں کہ جب بھی آمرانہ دور آتا ہے تو ان کو کھڑا کیا جاتا ہے اور ایسی جماعتوں اور افراد کی امید اور ان کی سیاست اس بات پر کھڑی تھی کہ ہمارے ادارے نیوٹرل نہیں رہیں گے تاہم جب ہمارے ادارے، جیسے الیکشن کمیشن، ہماری عدالتیں اور وہ ادارے جو الیکشن میں دلچسپی لیتے ہیں اور انہوں نے اس مرتبہ دلچسپی نہیں لی اور وہ غیر جانب داراور غیر سیاسی رہے تو ایسے لوگ پریشان ہوگئے کہ اگر صاف، شفاف الیکشن ہوں گے تو ان کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی اور ایسا ہی ہوا۔