الخدمت نے افغان زلزلہ متاثرین کیلیے مزید 5 امدادی ٹرک روانہ کردیے

505

پشاور: الخدمت فاونڈیشن پاکستان نے افغانستان کے زلزلہ زدگان کےلئے مزید 5 ٹرک امدادی سامان کے روانہ کردیئے۔

پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے اب تک تقریبا3کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان صوبہ خوست اور پکتیکا کے زلزلہ زدگان کیلئے بھیج چکے ہیں۔

افغانستان کے صوبہ خوست اور پکتیکا میں زلزلہ سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان پر پاک افعان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے مذید پانچ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان انگوراڈہ بارڈر کے لئے روانہ کردیا گیا جس میں ادویات،فوڈپیکجز،خیمے،ترپالیں،کمبل اور دیگر امدادی اشیا شامل ہیں۔

الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص نے الخدمت پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مرکزی پروگرام منیجر آصف جمال اور خیبر پختونخوا ریجن کے میڈیا منیجر نورالواحدجدون کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے الخدمت فاونڈیشن امدادی سامان کی دوسری کھپ روانہ کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب تک الخدمت فاونڈیشن پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے تقریبا تین کروڑ روپے مالیت کاامداد خوست اور پکتیکا کے زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے روانہ کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ دونوں صوبوں میں ہماری امدادی ٹیمیں پہلے ہی پہنچ چکی ہیں اوران ٹیموں نے سروے کے بعد الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں فوری ضرورت کی اشیا کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھا ھے عنقریب ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل مذید میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں کے لئے روانہ کر رہے ہیں۔