کراچی: سندھ سروسز اسپتال میں ہنگامی طبی امداد کا شعبہ فعال

374
Young doctors

کراچی : سندھ سروسز اسپتال میں ختم کی جانے والی ہنگامی ایمرجنسی کا شعبہ دوبارہ فعال کر دیا گیا اور شعبے کو24گھنٹے فعال رکھنے کے لیے طبی اور نیم طبی عملے کو بھی مقرر کر دیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ کوویڈ19کی ایمرجنسی کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت کے تحت مذکورہ شعبے کو کوویڈ19کے وارڈ میں تبدیل کر دیا گیا تھا اب دوبارہ اسپتال کے دیگر وارڈوں کی بحالی کیساتھ ہی اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر زبیر احمد آغا نے گذشتہ روز ماتحت افسران کے ایک اعلی سطح اجلاس کے بعد سرکاری ملازمین کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے والے شعبہ ایمرجنسی کو نہ صرف بحال کر دیا ہے بلکہ اسے 24گھنٹے فعال رکھنے کیلئے طبی عملہ بھی نامزد کر دیا ہے ۔

ڈاکٹر زبیر احمد آغا نے بتایا کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی تمام طبی سہولیات اسپتا ل میں آنیوالے سرکاری ملازمین کو منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔کوئی بھی سرکاری ملازم ہنگامی طبی امداد کے لیے کسی بھی وقت سروسز اسپتال کے شعبہ ہنگامی طبی امداد سے خدمات حاصل کر سکتا ہے ۔