سعودی عرب: شدید گرمی میں شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت

293

ریاض: سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے عوام خبردار کیا ہے کہ اس سخت گرمی میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ہدایات پر عمل کریں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ان دنوں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، گزشتہ روز مکہ المکرمہ، وادی الدواسر اور شرورہ میں درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اب تک سب سے زیادہ ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق طریف شہر میں سب سے کم درجہ حرارت 18 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، الوجہ اورجازان میں رطوبت 90 اور 85 فیصد تک ریکارڈ کی گئی جو مملکت بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق مدینہ منورہ میں پیر کو درجہ حرارت 44 جبکہ الاحسا اور الخرج میں 43، ریاض اور العلا میں 42 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مملکت بھر میں گرمی کی شدید لہر آئی ہوئی ہے، شہری اور مقیم غیرملکی دن کے وقت انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں اور لو سے بچنے کی کوشش کریں۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت صحت عوام کو گرمی سے بچانے کے لیے آگاہی مہم چلا رہی ہے اور اس سلسلسے میں “صحت مند زندگی گزارو” کے عنوان سے ایک ویب سائٹ قائم کی گئی ہے۔