یکم جولائی سے پٹرول مہنگا ہوگا، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے

501

اسلام آباد : وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، اس سلسلے میں اوگرا کی سمری آنے کے بعد وزیرعظم حتمی منظوری دیں گے۔

وفاقی وزیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں سیلز ٹیکس لگانے کے حق میں نہیں ہوں،مجھے وزیر خزانہ کے عہدے پر رکھنا یا نہ رکھنا وزیراعظم کی صوابدید ہے، وہ اگر کام سے مطمئن نہیں تو وزیر تبدیل کر سکتے ہیں۔ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ یکم جولائی سے پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں یہ ہوتا رہتا ہے، وزیراعظم تو میرے ساتھ اگلے کئی دنوں کے پلان بنا رہے ہیں لیکن مستقبل کا کسی کو پتا نہیں ہوتا جیسے اسد عمر کے ساتھ ہوا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اسحاق ڈار حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے انٹرویوز میں بھی وہ پینل میں شامل تھے۔