ایل پی جی کی قیمت میں 24 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ اضافہ

136

کراچی: ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپر ٹیکس کی آڑ میں 24 گھنٹوں کے دوران فی کلو ایل پی جی کی قیمت مزید 10روپے بڑھا دی ہے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپر ٹیکس کی آڑ میں مزید قیمتیں بڑھانے کے لیے گھٹ جوڑ کر لیا ہے اور ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے۔

عرفان کھوکھر نے بتایا کہ یکم جولائی 2022 سے انٹر نیشنل مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے لیکن مقامی سطح پر قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں؛ ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں مزید 10روپے فی کلو اضافہ بلاجواز ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام کیا جائے، وزیراعظم اور چیئرمین اوگرا مافیا کے خلاف فوری نوٹس لیں۔

عرفان کھوکھر کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی، گھریلوں سیلنڈر کی قیمت 106روپے فی کلو کے اضافے سے 2581روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت 408روپے فی کلو کے اضافے سے 9988روپے ہوگئی جبکہ گلگت بلتستان میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 270 روپے تک پہنچ گئی۔