پختونخوا: 58 ہزار اساتذہ کی مستقلی کے لیے قانونی مسودہ منظور

418

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے گریڈ 12 سے 16 تک ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی کیے گئے اساتذہ کو مستقل کرنے کے لیے قانونی مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ اقدام سے تقریباً 58 ہزار اساتذہ مستفید ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کابینہ کے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی کا بینہ نے رائیٹ ٹو پبلک سروس کمیشن میں عوامی خدمات تک رسائی میں 38مزید پبلک سروسز شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان خدمات میں نئی گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفیکٹ، آلودگی کنٹرول سرٹیفیکٹ، روٹ پرمٹ واٹر سپلائی لائین کی مرمت،گلیوں کی صفائی، ٹریڈ لائسنس، فروٹ مارکیٹس کے قیام کے لیے NOC اور سکالرشپ کے کیسز وغیرہ قابل ذکرہیں۔ یہ امور متعلقہ محکمے سر انجام دیں گے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ضلع بنوں میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈومیل کے دفاتر کے قیام کے لیے سرکاری اراضی کی فراہمی کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے دریاؤں سے کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے بجری ریت نکالنے کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے خیبر پختونخوا مائیننگ آف مائینر مِنزلز رولز 2022کی منظوری دے دی ہے تاکہ انڈسٹری کی ضروریات بھی پوری ہوں اور دریاوں کا قدرتی بہاو بھی متاثر نہ ہو۔