کراچی: لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا گھنٹوں طویل احتجاج جاری

258

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کا سنگین بحران شدت اختیار کرگیا،لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔

تفصیلات کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، ماڑی پور روڈ پر 20گھنٹے طویل احتجاج کے سبب سڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہو گئیں، آئی سی آئی پل،جناح برج نیٹی جیٹی پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ہوا میں نمی کا تناسب بھی 65 فیصد تک پہنچ گیا۔ کئی علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ ماڑی پوڑ روڈ، آئی سی آئی پل، ایم ٹی خان روڈ اور نشتر روڈ سمیت دیگر جگہوں پر طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی ہے ۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں کے الیکٹرک کے خلاف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے کہا کہ کے الیکٹرک کو شکایات کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوتی ہے۔

ماڑی پور روڈ پر گزشتہ روز سے بجلی بندش کیخلاف احتجاج پر پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی جو ناکام ہو گئی۔

پولیس نے مظاہرین کو شاہراہ کھولنے کیلئے مہلت دے دی، عوام کا موقف ہے کہ کے الیکٹرک حکام یا وزیراعلیٰ سے بات چیت تک مظاہرہ ختم نہیں ہوگا۔