مودی سرکار کا متعصبانہ اقدام، ریڈیو پاکستان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک

454

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے اندرون ملک اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر ناکام حکومتی پالیسیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ریڈیو پاکستان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کردیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق مودی سرکار نے ایک بار پھر معلومات تک رسائی اور آزادی اظہار رائے کے جمہوری حق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کردیا، جس کا مقصد حقائق کو دنیا سے چھپاناہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی نشریاتی ادارے کا اکاؤنٹ بلاک کرنے کی بنیادی وجہ ریڈیو پاکستان کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کرنا ہے۔

ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان ریڈیو پاکستان نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بین الاقوامی صحافتی اقدار پر سختی سے کاربند ہے اور اس نے اپنی خبروں میں ہمیشہ حقائق اور مقصدیت کو مدنظر رکھا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اظہار رائے کی آزادی اور اطلاعات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریڈیو پاکستان ٹوئٹر تک رسائی فوری طور پر بحال کرے۔