تجربہ کار چوروں کے حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے، عمران خان

253

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بڑھتی مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی سے پریشان کررکھا ہے- انہوں نے کہا کہ تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح ملک کی معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے-

اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے عالمی مالیاتی ادارے کی سخت شرائط، ملکی معاشی صورت حال اور کووڈ 19 کی وبا کے باوجود عالمی سطح پر آنے والی مہنگائی کی لہر کا اثر عوام پر منتقل ہونے نہیں دیا-

اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال، حکومتی پالیسیوں اور قومی اسمبلی میں تقریروں کا جائزہ لینے کے علاوہ 2 جولائی کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق معاملات زیر بحث آئے- سابق وزیراعظم نے پارٹی  ذے داروں کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل پر عوام کی بھرپور ترجمانی کرنے کی ہدایت کی-ا نہوں نے کہا کہ ہم نے انتباہ دیا تھا کہ مشکل سے اپنے پاؤں پر کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے شدید متاثر ہوگی، لیکن پھر بھی نااہل، بددیانت اور بدنام گروہ نے اپنی چوریاں بچانے کے لیے اقتدار پر قبضے کی سازش کی-

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں ابتدا ہی میں معیشت دیوالیہ پن کے قریب ملی تھی، اس کے باوجود ہم نے عوام کو ہرممکن حد تک مشکلات سے بچائے رکھا مگر امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے آتے ہی مہنگائی کی شکل میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کرنا شروع کردی ہے- انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 2 جولائی کو تاریخی احتجاج کریں گے- عمران خان نے کہا کہ ملک کو مزید مشکلات سے بچانے کا واحد ذریعہ شفاف انتخابات کے سوا کچھ اور نہیں-