بنگلادیش: 6.5 کلومیٹر طویل پل عوام کے لیے کھول دیا گیا

539

ڈھاکا:بنگلا دیش میں 8 سال کے عرصے میں دریائے پدما پر تعمیر کردہ نیا طویل ترین پل باقاعدہ افتتاح کے ایک روز بعد عوامی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔ پل کی لمبائی ساڑھے 6 کلومیٹر سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ 6.51 کلومیٹر طویل پل تقریبا 3.6 ارب امریکی ڈالر کے برابر لاگت سے تعمیر کیا گیا۔اس عظیم الجثہ تعمیراتی منصوبے پر کام کے دوران حکومت کو سیاسی اپوزیشن کی طرف سے شدید تنقید اور کرپشن کے الزامات سمیت کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہا۔

منصوبے میں کینیڈا کی ایک تعمیراتی کمپنی بھی شامل تھی اور پروجیکٹ پر پیش رفت کے دوران رشوت اور بدعنوانی کے الزامات اور دیگر اسکینڈلز کے باعث عالمی بینک سمیت کئی بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے اس پل کی تعمیر کے لیے رقوم فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق ورلڈ بینک کو اس منصوبے کے لیے 1.2 ارب ڈالر مہیا کرنا تھے۔بیرونی فنڈنگ سے انکار کے بعد ڈھاکا حکومت کو اربوں ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ ملکی مالی وسائل سے ہی مکمل کرنا پڑا۔ اس پل کی تعمیر اور اس کے استعمال میں آ جانے سے دارالحکومت ڈھاکا اور ملک کی دوسری سب سے بڑی سمندری بندرگاہ مونگلہ کے مابین فاصلہ تقریبا 100 کلومیٹر کم ہو گیا ہے۔