عمیر ثنا فانڈیشن کے تحت بحریہ میوزیم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

300

کراچی : عمیر ثنا فانڈیشن کے تحت VFAHT-JSMU،پاکستان میری ٹائم میوزیم اورچلڈرن اسپتال کراچی کے اشتراک سے بحریہ میوزیم میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف یونیورسٹیز،کالجز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں اپنے خون کے عطیات دیئے۔

بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کا مقصد جہاں ایک جانب تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے خون جمع کرنا تھا وہیں دوسری جانب اس کا مقصد ملک میں عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینا بھی تھا۔ اس موقع پر عمیر ثنا فانڈیشن کے روح رواں معروف ماہرِ امراضِ خون ڈاکٹر ثاقب انصاری نے بلڈ ڈونرز اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں مہمانوں کو شیلڈ اور گلدستے پیش کیے گئے جب کہ بلڈ ڈونر زکو عطیہ خون پر سرٹیفیکٹس بھی دیئے گئے۔اس موقع پر میڈیا سے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ تھیلے سیمیا کے بچے ہم سب کی توجہ کے مستحق ہیں،آج عمیر ثنا فانڈیشن کے اشتراک سے جناح سندھ میڈیکل کے طلبہ نے ان بچوں کو خون کی فراہمی کے لیے جس ایونٹ کا انعقاد کیا ہے اس پر وہ قابلِ مبارک باد اور لائقِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ بنیادی طور پر جان کا صدقہ بھی ہے،اگر ہمارے خون سے کسی کی زندگی بچتی ہوتو ہمارے لیے اس سے بڑھ کر نیکی اور سعادت کی اور کیا بات ہوگی،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خون کا عطیہ دیں تاکہ جن کی زندگیوں کا انحصار ہی خون پر ہے وہ زندہ رہ سکیں۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہاکہ ایک بوتل خون سے تین زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں،آج کراچی کی مختلف یونیورسٹیز،کالجز کے طلبہ و طالبات اور عام شہریوں نے اپنے خون کا عطیہ دے کرجس جذبے کا اظہار کیا ہے وہ جذبہ قابلِ فخر اور لائق تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ عمیر ثنا فانڈیشن ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے اور عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔