اسرائیلی کارروائیوں سے قبلہ اول کو سنگین خطرات لاحق ہیں، امام مسجد اقصیٰ

256

مقبوضہ بیت المقدس: مسجد الاقصیٰ کے مبلغ الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ صہیونی طاقتیں مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کو مبارک تنہا کرنے اور خاموشی سے اپنی سازشوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں۔

امام مسجد اقصی نے کہا کہ  ‘مغربی علاقے میں اسرائیلی کھدائیوں سے مسجد اقصیٰ کو نئے سنگین خطرات کا سامنا ہے، قابض دشمن اب الاقصیٰ پر اجارہ داری قائم کر رہا ہے جب کہ مسلمان ممالک اور حکومتیں قبلہ اول کو درپیش خطرات سے لاپرواہی برت رہی ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ دشمن ریاست مسلمانوں کی لاپرواہی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبلہ اول کے خلاف خاموشی سے اپنی سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ الاقصیٰ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر گہری نظر رکھنے اور کسی بھی خیانت کے پیش نظر چوکس رہنے اور اس حوالے سے مسلمانوں کی کمزوری اور لاپرواہی کے خلاف خبردار کرنے پر زور دیا۔

القدس کے محققین نے مغربی علاقے میں اسرائیلی کھدائیوں کی وجہ سے مسجد اقصیٰ کو نئے سنگین خطرات سے خبردار کیا ہے۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کھدائیوں کا مقصد قبلہ اول کے تاریخی اسٹیٹس کو تبدیل کرکے اسے یہودیت میں تبدیل کرنا، مسلمانوں کی اس مذہبی میراث کو مٹا کر اسے یہودیوں کی وراثت قرار دینا ہے۔

مسجد اقصیٰ کے امور پرنظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ قبلہ اول کے قریب کھدائیوں سے مسجد کے فرش میں کئی مقامات پر شگاف پڑ گئے ہیں۔ یہ شگاف اسلامی عجائب گھر کے قریب، مسجد اقصیٰ کے مغربی حصے، دیوار براق سے متصل مغربی گیٹ کے تمام راستوں اور اموی محلات کے مقامات پر دیکھے گئے ہیں۔